یہ ہے ”بالی ووڈ گندو“۔۔۔ ارے ارے، یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ اس کے ٹوئٹر ہینڈل کا نام ہی یہ ہے جو مزاحیہ مزاحیہ ٹویٹس کرتا ہے لیکن بعض اوقات ایسے کام بھی کر جاتا ہے کہ دیکھنے والے ہکا بکا تو ہوتے ہیں مگر غصے میں بھی آ جاتے ہیں۔
اس شخص نے حال ہی میں ثانیہ مرزا سے متعلق ایسا دعویٰ کیا کہ پاکستانی تو کیا بھارتی عوام بھی حیران رہ گئے کہ آخر یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ ’بالی ووڈ گندو‘ نے اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ ”عالیہ بھٹ کی فلم ’راضی‘ ایک بھارتی لڑکی کی کہانی ہے جس کی پاکستانی شخص سے شادی ہوئی لیکن وہ اب بھی بھارت کیلئے کام کرتی ہے۔ بنیادی طور پر، یہ فلم ثانیہ مرزا کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔“
یہ دعویٰ سامنے آیا تو ہر کوئی حیران رہ گیا اور سچ کی تلاش جاری کر دی کہ کیا واقعی ایسا ہے اور اگر ایسا ہے تو پھر اس فلم کو پاکستان اور بھارت میں خوب پذیرائی ملے گی۔ یہ ٹویٹ ثانیہ مرزا تک بھی جا پہنچا جنہوں نے فوراً حقیقت سے پردہ اٹھا دیا اور لکھا ”ام م م م م م م م م۔۔۔ میرے خیال سے نہیں۔“
ثانیہ مرزا نے اس دعوے پر سیخ پا ہونے اور کوئی لمبا چوڑا بیان جاری کرنے کے بجائے مختصر جواب دے کر سب کے دل جیت لئے اور یقینا شعیب ملک نے بھی یہ کہا ہو گا کہ ”میری ثانیہ۔۔۔ تم نے بچا لیا“