مریم نواز کی عوام سے”اپناعلاقہ اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ لکھیں؟‘‘کی درخواست

وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی مریم نوازبھی حکومتی کارکردگی کواجاگرکرنے کیلئے متحرک ہوگئیں،انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ ”اپناعلاقہ اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ لکھیں؟“ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کے ساتھ ہی صدرمسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی صاحبزادی نے سوشل میڈیا پرحکومتی کارکردگی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے پرفخر اندازمیں عوام سے درخواست کی ہے کہ اپناعلاقہ اور لوڈشیڈنگ کادورانیہ لکھیں؟ مریم نوازکے سوشل میڈیاپرپوچھے گئے سوال پرعوام نے حیران کن اوردلچسپ جواب بھی دیے۔واضح رہے وفاقی حکومت نے پیر سے 5000 سے زائد فیڈرز پرلوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیرپانی و بجلی اویس لغاری نے کہا کہ ملک میں طلب سے زیادہ بجلی موجود ہے ،10 فیصد لائن لاسز والے علاقوں میں 2 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو گی،20 فیصد میں 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جائے گی،صارفین لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہمارا ساتھ دیں،اپنے بجلی کے بل وقت پر دیں،میٹرز نصب کریں اور اپنے علاقے میں بجلی چوروں کی بھی نشاہدہی کریں۔اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے بتایا تھا کہ مجھے آج انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ہر شعبے میں کامیابی حاصل کی ہے اور ساڑھے چار سال کی انتھک محنت اور جدوجہد سے نہ صرف ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا ہے بلکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر حقیقی معنوں میں گامزن کر دیا ہے۔میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے یہ اعلان کرتا ہوں کہ ہمارے پاس سسٹم میں ہماری کُل طلب کے مقابلے میں 2700میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں چند اہم اعلانات کرنے سے پہلے آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب 2013 میں ہماری حکومت برسراقتدار آئی تو ملک میں بجلی کی پیداوار، طلب اور رسد، اور لوڈشیڈنگ کی صورتحال کیا تھی۔ اور آج کے مقابلے میں 2013 میں ہم کہاں پر کھڑے تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ دسمبر 2013 میں بجلی کی پیداوار 9279 میگاواٹ تھی جب کہ ملک میں بجلی کی طلب 11799 میگاواٹ تھی اور 2520 میگاواٹ بجلی کی کمی کی وجہ سے کم از کم 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شکار تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ دسمبر 2017میںہم نے 7465 میگاواٹ کی سطح سے بڑھا کر 16477 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کی ہے اور اس وقت طلب کے مقابلے میں 2727 میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔یہاں میں یہ بتاتا چلوں کہ 2218میگاواٹ 2013ء کے مقابلے میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باوجود اس وقت سسٹم میں یہ 2727میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے ۔اویس لغاری نے کہاکہ میں آپکو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ بجلی پیدا کرنے والے بہت سے منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں اور ہم موسم گرما 2018 سے پہلے مزید تقریبا 4000 میگاواٹ بجلی سسٹم میںشامل کر دینگے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ 2017ء کے موسم گرما میں 24000 میگاواٹ طلب کے مقابلے میں ہمارے پاس سسٹم میں 20000 میگاواٹ ریکارڈ بجلی پیدا ہوئی۔ جبکہ جاری منصوبوں کے مکمل ہوتے ہی یہ پیداوار 25000 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی چونکہ ہمارے پاس اس وقت طلب سے زیادہ بجلی موجود ہے تو ہم ملک میں لوڈشیڈنگ ختم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے مندرجہ ذیل 7مختلف قسم کے بجلی کے فیڈرز ہیں جن پر نقصانات اور چوری کی شرح کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔

Comments

comments