ڈاکٹر طاہر القادری،چوہدری شجاعت رابطہ۔۔ شریف برادران سے صرف سیاسی اختلاف رہتا اگر۔۔ طاہر القادری نے دل کی بات کہہ دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کل بروز (منگل ) کو عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کر یں گے ،ملاقات میں اے پی سی ،جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ اور اہم قومی امور پر تبادلہ خیال اور مشاورت ہو گی ،گزشتہ روز جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی سربراہ عوامی تحریک سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،سربراہ عوامی تحریک نے امیر جماعت اسلامی اور مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران کارکنوں کی جان نہ لیتے توصرف سیاسی اختلاف رہتا اب بات سیاسی اختلاف سے آگے جا چکی ،اب قصاص اورخون کے بدلے خون کا معاملہ ہے ۔حصول انصاف کی قانونی جدوجہد سے کوئی خوفزدہ نہ ہو ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں ،اگر کسی نے خوفزدہ ہونا ہے تو پانامہ کے ڈاکوئوں اور سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں سے ہو جنہوں نے بے دردی سے ملکی خزانہ لوٹا ، ملکی اداروں کا اتفاق فائونڈری سے بھی بد تر حال کیااور اب حساب مانگنے پر عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوری 2013 میں بھی آئینی الیکشن کمشن کی تشکیل اور انتخابی اصلاحات کیلئے لانگ مارچ کیا تھا مگر پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمارے کارکنوں پر گولیاں نہیں بر سائی تھیں،اشرافیہ کے خلاف نکلنے کا محض اعلان کیا تھا کہ انہوں نی17جون کو ماڈل ٹائون میں خون کی ندیاں بہا دیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے گزشتہ رو ز مرکزی صدر مظہر محمود علوی کی صدارت میں آنے والے یوتھ ونگ کے مرکزی و صوبائی عہدیداروںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں نے ظالم نظام اور ظالم طرز حکمرانی کے خلاف بے مثال جدوجہد کی ہے ،مجھے اپنی تحریک کے پڑھے لکھے پر امن اور پر عزم نوجوانوں پر فخر ہے ،یہی نوجوان انقلاب کی نوید اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے 141 ویں یوم پیدائش پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان نے کمزوروں کے تحفظ کیلئے پاکستان بنایا تھا ۔آج قائد اعظم ؒکے پاکستان کو اشرافیہ نے اپنی ذاتی سلطنت میں بدل ڈالا اور کمزور کے حقوق غصب کر لئے ،اقتدار کیلئے بے گناہ انسانی خون بے دردی سے بہایا،ظالموں اور غاصبوں کا صفایا کئے بغیر بانی پاکستان کا ایجنڈہ مکمل نہیں ہو گا ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کرسمس کے موقع پر مسیحی عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی محب وطن مینارٹیز خوشحال اور پر امن پاکستان کیلئے بے مثال کردار ادا کر رہی ہیں ، مینارٹیز کو نظر انداز کر کے امن ،ترقی اور استحکام کا کوئی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا ۔

دوستوں سے شئیر کریں

Comments

comments

مزید پڑھیں  View Point | Another Big Success For Imran Khan ? | 24 May 2018 | Urdu tv online